بنگلورو، 22؍جنوری(ایس او نیوز) بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے افسران نے بتایا کہ 15سے18سال تک کے بچوں کی ویکسی نیشن مکمل ہوتے ہی شہر میں 12سے لے کر 14سال کی عمر کے تقریباً 6لاکھ بچوں کی ٹیکہ سازی کا کام شروع کریں گے۔
نیشنل ٹیکنیکل اڈوائزری گروپ آن انفرمیشن (این ٹی اے جی آئی) کے سربراہ نے کہا تھا کہ ہندوستان میں مارچ سے 12-14سال کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع ہو سکتی ہے۔ اسی کے پیش نظر یہ خیال آیا ہے۔ کو-وِن ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست بھر میں 15تا18 سال کے 20لاکھ 67ہزار 514نوجوانوں کوویکسین دئے جاچکے ہیں جو مقررہ نشانہ 31.75لاکھ کا 65فی صد ہے۔بی بی ایم پی کی حدود میں بھی اس عمر کے گروپ کے 4.41لاکھ میں سے 51 فی صد میں یہ کام مکمل ہو چکا ہے۔
پالیکے کے چیف ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اے ایس بالا سندر نے بتایا: شہر میں 12سے 14سال کے اندازاً 5.5 لاکھ بچے ہیں۔ ہم اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کے علاوہ عظیم پریم جی فاؤمڈیشن، کرناٹک ہیلتھ پروموشن ٹرسٹ اور کیر انڈیا جیسی غیر سرکاری تنظیموں سے اعداد وشمار حاصل کرتے رہیں گے تاکہ ان بچوں کے بارے میں بھی معلوم ہو سکے جو کبھی اسکول گئے ہی نہیں۔ہمیں بہبودئی خواتین و اطفال محکمے سے بھی تعاون کی ضرورت ہے تاکے یہ معلوم کیا جاسکے کہ ایسے کتنے بچے ہیں جو تعمیری مقامات پر کام نہیں کرتے یا پھر ان مقامات پر کھیلتے نہیں جہاں ان کے والدین کام کرتے ہیں۔ افسران کے لئے مشکل یہ ہے کہ 15سے 18 سال کے بچوں کی طرح جن کی تفصیل انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (آئی ٹی آئی) اور محکمہئ محنت سے مل جاتی ہے، اس سے کم عمر بچوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا بے حد مشکل ہے۔